بالی وڈ اداکار عمران ہاشمی بھی ان لوگوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں جو فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' میں اداکارہ حمائما ملک کو دیکھنے کا انتظار کر رہے ہیں۔
13 اکتوبر کو ریلیز ہونے والی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے گزشتہ دنوں ماہرہ خان اور حمائمہ ملک نے اپنے کرداروں کے پوسٹرز جاری کیے جسے پاکستان سمیت پڑوسی ملک بھارت میں بھی خوب پذیرائی ملی۔
حمائمہ ملک نے ’دارو‘ کے کردار کا پوسٹر شیئر کیا تو بالی وڈ کے ہیرو عمران ہاشمی بھی اپنی سابقہ ہیروئن کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکے۔
عمران ہاشمی نے اداکارہ کے شیئر کردہ پوسٹر پر لکھا ’حمائمہ، آپ کا یہ لُک بے حد اچھا لگ رہا ہے، فلم میں آپ کی شاندار پرفارمنس دیکھنے کا منتظر ہوں'۔
ساتھ ہی بالی وڈ اداکار نے حمائمہ کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
اس سے قبل ماہرہ خان نے اپنے کردار ’مکھو‘ کا پوسٹر جاری کیا تھا جس پر بالی وڈ سپر اسٹار ہریتھک روشن نے کمنٹ کرتے ہوئے ان کے لیے پسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔
خیال رہے کہ عمران ہاشمی اور حمائمہ ملک نے 2014 میں بالی وڈ کی فلم ’راجہ نٹورلال‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔