بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی ایک ویڈیو ان دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں اداکار کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ انہیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔ شاہ رخ خان 14 سیکنڈ کی اس ویڈیو میں مذہب سمیت اقلیتوں کے حقوق کے بارے میں گفتگو کر رہے ہیں، اداکار کہتے ہیں کہ 'میں پیدائشی طور پر مسلمان ہوں اور اللہ اور اس کی باتوں پر یقین رکھتا ہوں، مجھے مسلمان ہونے پر فخر ہے، مجھے اپنے مذہب پر فخر ہے اور مجھے پاکستانی ہونے پر بھی فخر ہے'۔شاہ رخ کی یہ ویڈیو بھارتی صارف کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی جس کے بعد بھارتی انتہا پسندوں نے کنگ خان کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔
یہ ویڈیو کلپ شاہ رخ کی اصل ویڈیو سے ایڈٹ کیا گیا ہے۔ مذکورہ انٹرویو شاہ رخ خان نے 2010 میں صحافی عمر قریشی کو دیا تھا جس میں ان سے سوال کیا گیا کہ کیا انہیں ہندوستان میں مسلمان ہونے کی وجہ سے کسی امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑا؟
جواب میں اداکار نے کہا 'مسلمان ہونے کی وجہ سے انہیں اس ملک میں خاص اہمیت دی جاتی ہے، مجھے اپنے مذہب اور مسلمان ہونے پر فخر ہے، مجھے ہندوستانی ہونے پر فخر ہے۔ترمیم شدہ ویڈیو میں ہندوستانی کی جگہ پاکستانی کردیا گیا جس کے بعد یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی گئی اور شاہ رخ پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات کی بوچھاڑ کی گئی۔