اسلام آباد:بھارتی ہیکرز پاکستانی شہریوں کی حساس معلومات چرانے کیلئے سرگرم ہونے کی اطلاعات کے بعد تمام متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
بھارتی ہیکرز پاکستانی شہریوں کی حساس معلومات چرانے کیلئے سرگرم ہوگئے ہیں ملازمت کے اشتہار کے ذریعے معلومات تک رسائی کی کوششیں کی جا رہی ہیں جس کے بعد تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور صوبائی چیف سیکرٹریز کو بھارت کے مذموم عذائم سے خبردار کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے حکومتی ادارے کی جانب سے تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اپلائی فارمر ڈاٹ پی کے ویب سائٹ کے ذریعے معلومات چرانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کا ڈومین بھارت میں ہے۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ ویب سائٹ پر ملازمتوں کے اشتہارات دے کر اپلائی کرنے کا کہا جا رہا ہے، ویب سائٹ کے ذریعے اپلائی کرنے والوں کی معلومات چرائی جا سکتی ہیں اور شہریوں کی معلومات سائبر جاسوسی کے لئے استعمال کی جا سکتی ہیں۔