کراچی: صدر میں ڈینٹل کلینک پر نامعلوم شخص کی فائرنگ سے ایک غیر ملکی ہلاک جب کہ خاتون سمیت دو غیر ملکی زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کا واقعہ کراچی کے علاقے صدر میں ڈینٹل کلینک پر پیش آیا جہاں فائرنگ کے نتیجے میں دہری شہریت کے حامل دو غیر ملکی زخمی ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور مریض بن کر کلینک میں آیا اور کچھ دیر وہیں بیٹھا رہا، پھر موقع دیکھ کر غیر ملکی شہریوں پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کی زد میں آکر دو غیر ملکی میاں بیوی زخمی ہوئے جب کہ ایک غیر ملکی شخص ہلاک ہوگیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کرنے شروع کردیا ہے جب کہ اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔
ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے گولیوں کے سات خول ملے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے صدر میں غیر ملکیوں پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔