چارسدہ: تنگی مفتی نگر میں قتل ہونے والی آٹھ سالہ حنا کا قاتل گرفتار ہوگیا، ملزم بولنے اور سننے سے معذور ہے، اس نے گونگا و بہرہ ہونے کے اشارے کرنے پر بچی کو بے دردی کے ساتھ قتل کیا۔ ملزم کی گرفتاری کے بعد ڈی ایس پی اور انویسٹی گیشن آفیسر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ آٹھ سالہ کمسن بچی حنا کو 26 ستمبر کو سفاک قاتل نے بے دردی سے قتل کرکے لاش کچرے میں پھینک دی تھی، ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم افغان مہاجر ہے جو گونگا اور بہرہ ہے۔
پولیس افسران نے بتایا کہ ملزم کو تالیاں بجانے اور گونگے ہونے کے اشارے کرنے پر غصہ آتا ہے، واقعے کے روز آٹھ سالہ حنا کو ملزم نے تالیاں بجا نے اور گونگے ہونے کے اشارے پر طیش میں آکر قتل کیا، پولیس کو علاقے کے ایک شخص نے بطور گواہ اطلاع دی تھی، ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم نے اپنے باپ کو بھی گونگے ہونے کے اشارے کرنے پر زخمی کردیا تھا، ملزم کی ترجمانی اس کے والد نے کی، ملزم نے اعتراف جرم کرلیا کہ اس نے حناء پر سیمنٹ کے بلاک سے وار کیا اور پھر گلا دبا کر قتل کردیا۔