کامیڈی کنگ عمر شریف کی پہلی برسی

کراچی: کامیڈی کے شہنشاہ اور تھیٹر کے بے تاج بادشاہ  محمد عمر عرفعمر شریف کو مداحوں سے بچھڑے ایک سال بیت گیا ہے۔ اسٹیج ڈراموں کے بادشاہ مزاحیہ اداکار عمر شریف گزشتہ برس 2 اکتوبر کو عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے باعث 66 برس کی عمر میں جرمنی میں دوران علاج انتقال کرگئے تھے۔ جداگانہ انداز اوربے مثال اداکاری سے کئی دہائیوں تک لوگوں کو ہنسانے والے عمر شریف نے 19 اپریل 1955 کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں جنم لیا تھا۔

اسٹیج ڈراموں کے بے تاج بادشاہ نے 1980ء میں پہلی بار آڈیو کیسٹ کے ذریعے ڈرامے ریلیز کیے، جنہوں نے پاکستان کے ساتھ ساتھ پڑوسی ملک بھارت میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔عمر شریف کے مقبول ڈراموں میں 1989 میں ریلیز ہونے والا مشہور مزاحیہ ڈرامہ ’بکرا قسطوں پر 1، 2، 3، 4، 5، بڈھا گھر پر ہے، میری بھی تو عید کرا دے، ماموں مذاق مت کرو اور دیگر شامل ہیں۔

عمر شریف نے 70 سے زائد ڈراموں کے اسکرپٹ لکھے جن کے مصنف، ہدایتکار اور اداکار وہ خود تھے اور ان ڈراموں نے مقبولیت کے ریکارڈ قائم کیے۔

بھارت کے مشہور مزاحیہ اداکار جونی لیور اور راجو شریواستو نے عمر شریف کی مزاحیہ اداکاری سے متاثر ہوکر انہیں ’دی گارڈ آف ایشین کامیڈی‘ کا لقب دیا تھا۔