لکھنؤ: بالی ووڈ کی مشہور جوڑی ریچا چڈھا اور علی فضل شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں اور ممبئی میںاس جوڑی کی ولیمے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر کئی دنوں سے بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ ریچا چڈھا اور مشہورِ زمانہ ویب سیریز مرزاپور میں گُڈو بھئیا کا کردار نبھانے والے علی فضل کی شادی کے چرچے ہو رہے ہیں۔
اس جوڑی نے سوشل میڈیا پر عروسی لباس میں تصاویر شیئر کی ہیں جنہیں مداحوں کی جانب سے بےحد پسند کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں کی شادی کی تقریبات کا آغاز دارالحکومت نئی دہلی سے ہوا تھا جہاں ان کی مہندی کی رسم ہوئی، جس کے بعد دونوں شادی کے لیے ریاست اتر پردیش کے شہر لکھنئو گئے، جہاں دونوں نے روایتی رسومات کے تحت شادی کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں لکھنئو میں شادی کرنے کے بعد اب ممبئی اور دہلی میں ولیمے کی تقریبات کا اہتمام جاری ہے۔
ایک بیان میں جوڑی کا کہنا تھا کہ ڈھائی برس قبل شادی کے بعد اب ہم اپنے دوستوں اور خاندانوں کے ساتھ اپنی شادی کی خوشیاں منارہے ہیں۔
انہوں نے انسٹاگرام پر ایک آڈیو ریکارڈنگ میں بتایا تھا کہ انہوں 2020 میں باقاعدہ شادی کی لیکن کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے سلیبریٹ نہیں کرسکے تھے، کیونکہ وبا سے جس طرح سب متاثر ہورہے تھے ایسے ہی ہمارے ساتھ بھی سانحات ہوئے۔
انہو ں نے کہا کہ اب حالات بہتر ہوئے تو ہم نے اسے اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھدھوم دھام سے کرنے کا فیصلہ کیا۔
بالی ووڈ کی اس مشہور جوڑی کی شادی میں ایوشمان کھرانہ، وکی کوشل، ودیا بالن، ہما قریشی، کرن جوہر، سنجے دت اور تاپسی پنو ، ہریتک روشن صبا آزاد سمیت کئی نامور ستاروں نے شرکت کی ہے۔