منی لانڈرنگ کیس، ایف آئی اے کی ٹک ٹاکر حریم شاہ سے تین گھنٹے تک پوچھ گچھ

اسلام آباد:ٹک ٹاکر حریم شاہ نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)کو منی لانڈرنگ سے متعلق بیان ریکارڈ کرادیا جس  میں حریم شاہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ویڈیو مذاق اور تفریح کے طور پر بنائی تھی۔

ایف آئی اے نے حریم شاہ کو منی لانڈرنگ میں تحقیقات کیلئے طلب کیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے حکام نے حریم شاہ سے تین گھنٹے تک تحقیقات کی۔

 نجی ٹی وی سے گفتگو میں حریم شاہ کا کہنا تھاکہ میں نے کوئی منی لانڈرنگ نہیں کی، ویڈیو مذاق اور تفریح کے طور پر بنائی تھی، ایف آئی اے کو بھی یہی موقف ریکارڈ کرایا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ اس کیس کا سامنا کروں گی، امید ہے یہ کیس جلد ختم ہوجائیگا، یہ کیس شہزاد اکبر کی خواہش پر مجھ پر بنایاگیا تھا، منی لانڈرنگ کے اس کیس میں کچھ نہیں رکھا۔

خیال رہے کہ حریم شاہ نے جنوری میں برطانوی پانڈز کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی تھی اور پاکستان سے منی لانڈرنگ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔