کابل، دفتر وزارت داخلہ کی مسجد میں دھماکہ، 4افراد جاں بحق، 25زخمی

کابل: افغانستان کے دارالحکومت میں وزارت داخلہ کے کمپاؤنڈ کی مسجد میں زوردار دھماکا ہوا جس میں 4 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان دارالحکومت میں وزارت داخلہ کے کمپاؤنڈ کی مسجد میں دھماکے سے بھگدڑ مچ گئی اور آس پاس کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ تاحال دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا سکا۔

دھماکا جس مسجد میں ہوا وہاں وزارت داخلہ کے اہم حکام اور کام کے سلسلے میں آنے والے شہری بھی نماز ادا کرتے ہیں۔ دھماکے کے وقت بھی نمازیوں کی بڑی تعداد مسجد میں موجود تھی۔

طالبان اہلکاروں نے دھماکے کے فوری بعد وزارت داخلہ کے دفتر کا گھیراؤ کرلیا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 4 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی۔

اسپتال میں 25 زخمیوں کو بھی لایا گیا ہے جن میں سے 7 کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم طالبان کے افغانستان میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے ایسے حملوں میں داعش خراسان ملوث رہی ہے۔