مردان میں 65سالہ شخص نے اپنے ہی گھر کے 5افراد قتل کردیئے 

مردان:مردان کے علاقہ گجرات میں گھریلو تنازعے پر 65سالہ شخص نے مبینہ طور پراپنے اہل خانہ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں بچوں سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔

 جاں بحق ہونیوالوں میں ملزم کا بیٹا‘بہو‘دو پوتے اور چھ سالہ پوتی شامل ہیں۔

مردان کے نواحی گاؤں بخشالی کے علاقہ گجرات کے محلہ سیدان میں پی ٹی سی ایل سے ریٹائرڈ 65 سالہ ملزم عثمان غنی ولد سید غواث نے گھریلو تنازعہ پر مشتعل ہوکر اپنے اہل خانہ پر فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں اس کا بیٹا ایف سی اہلکار فرحان اور بہو سمیت دو پوتے بارہ سالہ افضل غنی آٹھ سالہ روحیل اور چھ سالہ پوتی علینہ موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

مرنے والے تینوں بچے مقتول فرحان کے بچے تھے ملزم اپنے گھر میں خون کی ہولی کھیلنے کے بعد فرار ہوتے ہوئے اپنے چارسالہ پوتے ریحان جس سے ملزم بہت پیار کرتا تھا کو بھی موٹر سائیکل پر بٹھا کر ساتھ لے گیا۔

 پولیس تھانہ چورہ کے عملے نے ملزم کی مقتولہ بہو کے بھائی نوید ولد سلطان سکنہ پرخو ڈھیرہ کی رپورٹ درج کرلی۔