ڈھونڈو گے ہمیں ملکوں ملکوں

اس ملک کے ریاستی اداروں نے گزشتہ سات عشروں میں کئی ایسی عظیم شخصیات پیدا کی ہیں کہ جن پر درج ذیل شعر صادق آتا ہے‘ ڈھونڈو گے ہمیں ملکوں ملکوں‘ملنے کے نہیں نایاب ہیں ہم۔مثلاً پاکستان ائر فورس کو ہی دیکھ لیجیے گا‘ یہ پی اے ایف کے پہلے دو ائر مارشلز یعنی ائر مارشل اصغر خان اور ائر مارشل نور خان کی محنت اور اپنے پیشے سے لگن کی وجہ تھی کہ آج اس کا پیشہ ورانہ لحاظ سے دنیا میں ایک منفرد مقام ہے‘اور اس کی اعلیٰ کارکردگی پر رشک کیا جاتا ہے پاک فضائیہ میں جو افسر بھی بھرتی  ہوتا ہے اس کے لئے مندرجہ بالا شخصیات رول ماڈل کا درجہ رکھتی ہیں‘اسی طرح افواج پاکستان کے وہ تمام جوان جن کو نشان حیدر ملا ہے وہ بھی نئے بھرتی ہونے والے جوانوں کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں کیونکہ انہوں نے اپنے خون کا نذرانہ دے کر اپنے آج کو قوم کے کل پر قربان کر دیا  اور ان کی قربانیوں کی وجہ سے آج یہ ملک قائم و دائم ہے‘ سول سروس نے بھی غلام اسحاق خان جیسے نابغہ روزگار پیدا کئے کہ جن کی مالی دیانت داری اور ملک کے قوانین سے وابستگی اور ان کا احترام  مسلمہ تھا‘ ایوان اقتدار میں ایک لمبے عرصے تک رہ کر بھی انہوں نے اپنے دامن کو ہر قسم کی بد عنوانی یا اختیارات کے غلط استعمال سے بچا کر رکھا‘ اس قسم کی عظیم شخصیات کی زندگیوں اور ان کے کار ہائے نمایاں پر دستاویزی فلمیں بنا کر ان کے یوم پیدائش یا یوم وفات پر ٹیلی کاسٹ کرنا ضروری ہے تاکہ اس ملک کی نئی پود کو پتہ چل سکے کہ اس ملک نے ہر شعبہ زندگی میں  کتنے عظیم افراد پیدا کئے ہیں اور جن کا طرز عمل اپنا کر وہ بھی تاریخ میں اپنے لئے ایک بلند مقام حاصل کر سکتے ہیں‘ ان ابتدائی کلمات کے بعد اگر چند اہم تازہ ترین ملکی اور عالمی امور کا تذکرہ ہو جائے تو بے جا نہ ہو گا۔ارباب اقتدار ملک کو درپیش توانائی کے بحران  سے نبٹنے کے لئے جو کوشش کر رہے ہیں‘ وہ قابل ستائش ہے‘اگلے روز وزیر اعظم کے دورہ قازقستان کے دوران پاکستان اور آذر بائیجان کا توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر جو اتفاق ہوا ہے اس پر اب فوری فالو اپ ایکشن کی ضرورت ہے‘کیوں کہ سردی سر پر آ کھڑی ہوئی ہے اور اگر اس دوران ملک گیس کی کمی کا شکار ہوا تو یہ ارباب اختیار کے لئے ایک نیادرد سر پیدا کر سکتا ہے۔یہی نہیں بلکہ عوام کے لئے بھی مشکلات کھڑی ہو جائیں گی‘جو پہلے ہی مختلف بحرانوں اور مسائل کا شکار ہیں‘ ملک بھر میں یہ جو گزشتہ کچھ عرصے سے سٹریٹ کرائمز میں اضافہ ہوا ہے اس کی اوربھی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں‘پر ایک بڑی وجہ ملک میں پھیلی بے روزگاری اور غریبوں اور امیروں میں بڑھتی ہوئی خلیج بھی ہے کہ جس کو فوری طور پر  کم کرنا از حد لازمی ہے۔اس کے بغیر فلاحی معاشرہ کی تشکیل ناممکن ہو گی۔