پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے کے حقوق کے حصول کیلئے تمام تر آئینی و قانونی ذرائع استعمال کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کی عوام کے ساتھ متعصبانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے جو افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا باالخصوص نئے ضم اضلاع کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم نہ کرنا ضم اضلاع کے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت ضم اضلاع کو ترقیافتہ اضلاع کے برابر لانے اور قبائلی عوام کی دہائیوں پر محیط محرومیوں کو ختم کرنے کے لیے پر عزم ہے لیکن امپورٹڈ حکومت ضم اضلاع کی ترقی میں روڑے اٹکا رہی ہے جو قبائلی عوام کے ساتھ صریحاً زیادتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی کوشش ہے کہ خیبر پختونخوا میں ترقی کا سفر متاثر ہو لیکن ہم یہ کسی صورت نہیں ہونے دیں گے اور وفاق سے اپنا حق ہر صورت لے کر رہیں گے۔وفاقی کابینہ کی جانب سے سیاست کیلئے خیبرپختونخوا کے ساتھ غیر سنجیدہ اور سوتیلی ماں جیسا سلوک کرنا غیر منصفانہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں شمالی وزیرستان سے آزاد حیثیت میں منتخب ویلج کونسل چیئرمین نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضم اضلاع کی مد میں مالی سال 2021-22 کے 20 ارب روپے سے زائد کے فنڈز وفاقی حکومت کے ذمے واجب الادا ہیں جبکہ اس کے علاوہ وفاقی حکومت نے ضم اضلاع کے صحت کارڈ کے پانچ ارب روپے بھی روک دئیے ہیں جو وفاقی حکومت کی اہلیت پر سوالیہ نشان ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اپریل 2022 سے اب تک پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں ایک روپیہ بھی ادا نہیں کیا گیا جبکہ عمران خان کے دور حکومت میں گزشتہ دو سالوں کے دوران 68 ارب روپے پن بجلی کے مد میں صوبے کو موصول ہوئے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ امپورٹڈ حکمرانوں کو خیبرپختونخوا کے حصے سے اپنی جیبیں بھرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خیبرپختونخوا کا پیسہ صوبے کے عوام پر ہی خرچ ہوگا۔ امپوٹڈ حکومت سیلاب سمیت تمام عوامی مسائل پر سیاست کر رہی ہے، اس حکومت کو عوامی مسائل کے حل میں کوئی دلچسپی نہیں ہے یہ صرف اپنے اوپر کرپشن کی کیسز ختم کرانے میں مصروف ہے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے مالی مشکلات کے باوجود صوبے کے سیلاب متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی شروع کر دی ہے جو اب تک کسی اور صوبے نے نہیں شروع کی، اس سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کی ترجیحات اپنے عوام کی فلاح و بہبود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام دوست پالیسیوں کی بدولت ہی پاکستان تحریک انصاف ملک کی ایک مقبول ترین سیاسی جماعت بن چکی ہے اور اب اس کو شکست دینا دیوانے کا خواب بن چکا ہے۔ انشاء اللہ آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں بھاری اکثریت سے حکومت بنائے گی اور اپنے فلاحی ریاست کے قیام کے ایجنڈے کو پورا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پالیسیوں کا محور عام آدمی کی ترقی و خوشحالی ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کرکے ملک کو بیرونی قرضوں کے دلدل میں پھنسا دیا ہے جس سے ملک کونکالنے کیلئے ہمیں عمران خان کا ساتھ دینا ہوگا۔