کرم؛ 4 مورچے دھماکے سے تباہ، 10 بنکرز آج مسمار کیے جائیں گے

ڈی آئی خان:

لوئر کرم میں 4 مورچے دھماکے سے تباہ کردیے گئے جب کہ 10 بنکرز آج مسمار کیے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر کرم کے مطابق لوئر کرم میں مورچوں کی مسماری کا عمل جاری ہے۔ اس سلسلے میں  گزشتہ روز 4مورچوں کو دھماکے سے اُڑا دیا گیا جب کہ  آج کی کارروائی کا ہدف 10 بنکرز کی مسماری رکھا گیا ہے۔  گزشتہ روز مورچوں کی مسماری کے موقع پر فورسز ،اور پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ بنکرز کی مسماری کے لیے آج دوبارہ آپریشن کیا جائے گا۔ فریقین میں دونوں اطراف سے 5، 5 بنکرز مسمار کیے جائیں گے۔  پولیس، ایف سی اور سکیورٹی فورسز کی نگرانی اور اسسٹنٹ کمشنروں کی سربراہی میں بنکرز کو بارودی مواد کی مدد سے تباہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق آج بالشخیل اور خار کے قریبی علاقوں میں بنکرز ختم کیے جائیں گے۔ سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ 25 سے 30 کلو میٹر کے علاقے میں 700 سے زائد بنکرز موجود ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کرم اشفاق خان کے مطابق گزشتہ روز دن بھر مختلف کارروائیوں کے دوران 4 بنکرز کو مسمار کیا گیا۔ اس سلسلے میں جرگہ ممبران سمیت مقامی عمائدین سے بات چیت مکمل ہوچکی ہے۔