دی راک کو بھی پاک بھارت معرکے کا بے صبری سے انتظار

ٹی20 ورلڈکپ میں پاک بھارت معرکہ کے لیے ڈبلیو ڈبلیو ای کے سپر اسٹار ڈوین جانسن  ‘دی راک’ بھی میدان میں آگئے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے اسٹار ریسلر ‘دی راک’ ٹی20 ورلڈکپ میں پاک بھارت مقابلے کی تشہیر کررہے ہیں۔

بھارتی چینل اسٹار اسپورٹس کی جانب سے پوسٹ کی گئی ویڈیو میں دی راک کہتے ہیں کہ “جب عظیم ترین حریف آپس میں ٹکرائیں گے تو دنیا ساکت کھڑی ہو جائے گی۔ یہ صرف ایک کرکٹ میچ نہیں”۔

دونوں روایتی حریفوں کے درمیان مقابلہ 23 اکتوبر کو میلبرن کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ میں اتوار کے روز کھیلا جائے گا۔

قبل ازیں دونوں ٹیمیں ایک سال کے دوران 3 مرتبہ آمنے سامنے آئیں ہیں جہاں قومی ٹیم کا پلڑا بھاری ہے، پاکستان نے 2 میچز جیتے ہیں جبکہ ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

دوسری جانب آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2021 میں قومی ٹیم نے روایتی حریف کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔