راولپنڈی پولیس نے 4 سالہ بچے سعید احمد پر ناقابل ضمانت دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ راولپنڈی کے تھانہ نصیرآباد میں 4 سال کے بچے سعید احمد پرمقدمہ درج کیا اور بچے پر ناقابل ضمانت دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ بچے نے میاں بیوی پر اینٹوں اور پتھروں سے حملہ کیا۔
بعد ازاں 4 سال کا سعید احمد ضمانت کیلئے ایڈیشنل سیشن جج سہیل انجم کی عدالت میں پیش ہوا۔ بچے کو والد نے گود میں اٹھا کر سیشن جج کے سامنے پیش کیا۔ بچے کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ تھانہ نصیرآباد پولیس نے آنکھیں بند کرکے مقدمہ درج کیا، 4 سال کے بچے سعید احمد پرجو دفعہ لگائی گئی اس کی سزا 10 سال ہے لہٰذا ایس ایچ او تھانہ نصیرآباد اور تفتیشی افسرکیخلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
عدالت نے 4 سال کے سعید احمد کا نام مقدمہ سے خارج کرنے کا حکم دیا اور مقدمے کے تفتیشی افسر کو طلب کرلیا۔