فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزے سلطان نے تشدد کی تصاویرعدالت میں پیش کردی

شوبز اسٹار فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزے سلطان نے سابق شوہر کی جانب سے کئے گئے تشدد کے شواہد عدالت میں پیش کر دیئے ہیں۔

کراچی کی فیملی کورٹ شرقی میں فیروز خان کی جانب سے بچوں سے ملاقات اور حوالگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جہاں علیزے سلطان نے فیروز خان کی جانب سے کئے گئے تشدد کی تصاویر، ایم ایل او اور پولیس رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔

علیزے کے وکیل بیرسٹر قائم شاہ نے کہا کہ 15 میری کلائنٹ پر سنگین الزام لگائے گئے نومبر 2020ء کو فیروز نے علیزے کو تشدد کا نشانہ بنایا، 16 نومبر 2020ء کو پولیس کو فیروز خان کے خلاف تشدد کی رپورٹ جمع کرائی۔

بیرسٹر قائم شاہ نے مزید کہا کہ علیزے تھانے گئی تو فیروز اور اس کے خاندان نے فون کر کے دھمکیاں دیں، فیروز آئے دن تشدد کرتے تھے، لیکن بچوں کی وجہ سے علیزے چپ رہی۔

علیزے سلطان  کا کمرہ عدالت میں کہنا تھا کہ’3 سے 4 سال میں فیروز خان نے میرے ساتھ جو کیا بتانا نہیں چاہتی تھی، فیروز خان نے مجھے تشدد کا نشانہ بنایا، میرا بیٹا سلطان بھی اس دوران زخمی ہوا تھا‘۔

عدالت کی جانب سے فیروز خان سے بچوں کی ملاقات سے متعلق فیصلہ آج ہی سنائے جانے کا فیصلہ کرتے ہوئے بچوں کےاخراجات، حوالگی کے لیے درخواستوں پر مزید سماعت یکم نومبر تک ملتوی کر دی۔

عدالت نے وکلا کو ہدایت بھی کی کہ آئندہ سماعت پر تیاری کر کے پیش ہوں۔