’دی لیجنڈ آف مولا جٹ ‘ کے برطانیہ اوردیگر بین الاقوامی میڈیا پر بھی چرچے

 جیو فلمز کی پیش کش، لاشاری فلمز اور انسائیکلومیڈیا کی پروڈکشن ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ ‘ کے برطانیہ،  بھارت اور  عرب امارات سمیت دیگر بین الاقوامی میڈیا پر بھی چرچے ہیں۔

فلم کی اسٹار کاسٹ کی جاندار اداکاری، بہترین شارٹس، شاندار سنیمیٹوگرافی اور پنجابی کلچر کی عکاسی کرتے مختلف ڈریسز سمیت باکس آفس پر ریکارڈ توڑ بزنس کی بھی دھوم مچ گئی۔

 
برطانوی اخبار نے پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو گیمز آف تھرون اور ہالی ووڈ فلم گلیڈی ایٹر کا دیسی ورژن قرار دے دیا۔


دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق فلم نے دنیا بھر میں پاکستانی فلموں کے لیے ایک نیا بینچ مارک قائم کردیا ہے۔

قطر کے میڈیا کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ  فلم کا شاندار  پریمیئر ہی اس بات کا ثبوت ہے کہ فلم قطر میں سپر ہٹ رہی جب کہ سعودی میڈیا نے فلم کو پاکستانی تاریخ کا بہترین پراجیکٹ قرار دیا ہے۔

پاکستان سیمت دنیا بھر میں فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو پاکستان کی اب تک کی سب سے بہترین فلم قرار دیا جارہا ہے، فلم نے پاکستان سمیت دنیا بھر سے اب تک ساڑھے 62 کروڑ روپے سمیٹ لیے۔