فرحان سعید کا پاکستان کو ورلڈ کپ سے بائیکاٹ کرنے کا مشورہ

کراچی: فرحان سعید کا  کہنا ہے کہ اگر بھارت ایشیا کپ کیلئے پاکستان نہ آئے تو  پاکستان کو ورلڈ کپ سے بائیکاٹ کردینا چاہیے۔

سوشل میڈیا پر پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار فرحان سعید  کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں انہوں نے بھارت  کے ایشیا کپ کیلئے پاکستان نہ آنے کے فیصلے پر ردِعمل دیتے ہو ئے  پاکستان کو ورلڈ کپ سے بائیکاٹ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

ایک نجی ٹی وی پروگرام کے دوران   فرحان سعید نے کہا کہ’ ‘اگر بھارت ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں آتا تو پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہیے ورلڈ کپ کے دوران پاکستان سپر لیگ رکھے اور تمام پاکستانی وہ میچز دیکھیں اور ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کریں‘۔

فرحان سعید نے کہا ’اس قسم کی حرکتیں بہت عرصے سے ہورہی ہیں، پاکستان کو اس پر اپ سخت ردعمل دینا چاہیے، کسی سے ڈرنا نہیں چاہیے‘۔

انہوں نے کہا ’اگر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں نمبر ون اور نمبر 3  بیٹر نہیں ہوگا تو وہ ورلڈکپ انتہائی بے رونق ہوگا، بھارت کو یہ سوچنا چاہیے کہ اب ہماری وہ حالت نہیں کہ ورلڈکپ میں ہمیشہ ہاریں گے، اب ہم انہیں منہ توڑ جواب دے سکتے ہیں‘۔

یاد رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے اعلان کیا تھا کہ 2023 کے ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی جس کے بعد سے یہ فیصلہ موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔