ممبئی: بالی ووڈ نگری پر راج کرنے والے شہنشاہ امیتابھ بچن نے انکشاف کیا ہے کہ کچھ دن قبل اپنے رئیلٹی شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی شوٹنگ کے دوران ان کے پاؤں کی نس کٹ گئی۔
امیتابھ بچن ایک غیر ملکی ویب سائٹ پر اپنے بلاگ شائع کرتے ہیں جنہیں دنیا بھر میں موجود ان کے مداح بےحد دلچسپی کے ساتھ پڑھتے ہیں بھارتی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اپنے حالیہ بلاگ میں ورسٹائل اداکار نے انکشاف کیا ہے کہ کچھ دن قبل ایک تیز دھار آلے سے ان کے پاؤں کی نس کٹ گئی جس کے باعث کافی خون بہہ گیا تھا۔
امیتابھ بچن نے بلاگ میں لکھا کہ ’پاؤں کی نس کے کٹنے پر شدید خون بہنا شروع ہوگیا، مجھے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں خون نہ رُکنے کے باعث کئی ٹانکے بھی آئے اور زخم کی مرہم پٹی کی گئی، میرا بروقت علاج سیٹ پر موجود ٹیم کی مدد سے مکمل ہو پایا‘۔
کون بنے گا کروڑ پتی کے میزبان امیتابھ بچن نے بتایا کہ ’ڈاکٹرز نے مشورہ دیا کہ چلنے نہ ہی کھڑے ہونے کی کوشش کریں یہاں تک کہ ٹریڈمل واک کے ذریعے بھی اس پر دباؤ ڈالنے کی اجازت نہیں ہے‘۔
انہوں نے اپنی تکلیف کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ ’بعض اوقات حد درجہ کی تسکین خوشی یا غم لا سکتی ہے لیکن انتہا نہیں رہتی اور کبھی نہیں رہتی، وہ یا تو فنا ہو جاتی ہے یا جسم اور لاشوں پر انمٹ نشان چھوڑ جاتی ہے اور اس سے نکلنے میں تھوڑا وقت لگتا ہے، خدا میری مدد کرو‘۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے امیتابھ بچن نے اپنی ایک تصویرسوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس میں ان کے اُلٹے پاؤں پر پٹی بندھی دیکھی جا سکتی ہے۔