بلوچستان میں آپریشن،پاک فوج کے 2جوان شہید، 4دہشتگرد مارے گئے

اسلام آباد: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی کارروائی کرتے ہوئے 4 شرپسندوں کو کیفرکردار تک پہنچا دیا، آپریشن کے دوران دو اہلکار بھی شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) بلوچستان کے علاقے شہرگ کے قریب کمن پاس میں فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا گیا۔

 

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز کو دہشت گردوں کے ٹھکانے کے قریب ہیلی کاپٹر سے اتارا گیا، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے راستے بند کرنا شروع کیے تو دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ شروع کردی۔

دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار سپاہی شفیع اللہ اور سپاہی محمد قیصر موقع پر ہی شہید ہوگئے جب کہ جوابی فائرنگ میں 4 دہشت گرد بھی مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں سے دیسی ساختہ بم سمیت اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد ہوا ہے، علاقے میں دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔