بھارتی اداکارہ رمبھا کار حادثے میں بچوں سمیت زخمی

کینیڈا: بالی ووڈ نگری کی مشہور اداکارہ رمبھا کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں کار حادثے میں بچوں سمیت زخمی ہوگئیں۔

اداکارہ  نے  فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پرتصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو آگاہ کیا ہے کہ وہ اور ان  کے بچے کار حادثے میں زخمی ہوگئے ہیں۔

46 سالہ اداکارہ نے بتایا کہ وہ بچوں کو اسکول سے واپس گھر لے کر آرہی تھیں کہ  راستے میں  ان کی گاڑی سے سامنے آتی ہوئی گاڑی ٹکرا گئی جس کے باعث وہ اپنے بچوں سمیت زخمی ہوگئیں۔

رمبھا نے بتایا کہ ان کے دو بچوں اور بچوں کی آیا کو معمولی چوٹیں آئیں لیکن ان کی چھوٹی بیٹی ساشا شدید زخمی ہوگئی ہے جو کہ تاحال اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔ اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔

اداکارہ رمبھا 2010 میں بھارت کے مشہور بزنس مین کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں تھیں جن سے ان کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا بھی ہے۔


یاد رہے کہ رمبھا 90 کی دہائی سے بالی ووڈ کے سُپر اسٹار گوندا اور سلمان خان کے ساتھ جڑواں، بندھن، کیونکہ میں جھوٹ نہیں بولتا سمیت کئی فلموں میں ہیروئن کا کردار نبھا چکی ہیں۔