ڈیرہ میں ٹریفک کا المناک حادثہ، باپ بیٹے سمیت 4افراد جاں بحق، 25زخمی

ڈیر ہ اسماعیل خان: تھانہ صدر کی حدود ڈیرہ ٹانک روڈ پر لنک روڈ گرہ حیات کے قریب ٹریفک کے المناک حادثہ میں باپ بیٹے سمیت4 افراد جاں بحق،25سے زائد افرادزخمی ہوگئے۔

 متعددزخمیوں کی حالت تشویشناک ہے،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، حادثہ کا شکارہونیوالی بدقسمت کار کے سوارشادی کی تقریب میں شرکت کیلئے ڈیرہ سے ٹانک جارہے تھے۔

 تھانہ صدر کی حدود ڈیرہ ٹانک روڈ پر شہ زور مزدا ٹرک کے مابین خوفناک تصادم میں 4افراد 59 سالہ مولانا شیر افضل بیٹنی، ان کا 7سالہ بچہ یونس بیٹنی اور قریبی رشتہ دار خاتون 17سالہ شادینہ بی بی دختر سعداللہ بیٹنی سکنہ عمر اڈا ٹانک حال قریشی موڑ ڈیرہ اسماعیل خان اورکمسن بچی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

 دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں سمیت25سے زائد افرادجن میں مزدا گاڑی میں سوار جمعہ خان، گل زمان، ندیم، محبوب، غلام محی الدین، رمضان، اسماعیل، حسن، اللہ بخش، اسحق، نجم گل،مہربان، نعمان،نوید اور موٹر کار میں سوار11سالہ عمیر بیٹنی ولد مولانا شیر افضل، 13سالہ سائرہ بانو دختر زخمی ہوگئے۔

 حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس ریسکیو1122کی میڈیکل ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدا ئی طبی امداد فراہمی کے بعد ہسپتال منتقل کردیا، زخمیوں میں سے متعددافراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔