تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں پارٹی کارکن حادثاتی موت کا شکار 

 لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں دوسری حادثاتی موت ہوگئی،لاہور میں حالی روڈ پر گزشتہ جمعہ کے روز ٹرک سے گر کر زخمی ہونے والا پی ٹی آئی کا کارکن ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

سی سی ٹی وی کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پی ٹی آئی کے بینر لگے ٹرک پر سوار حسن بلوچ نامی کارکن لانگ مارچ میں شرکت کیلئے جا ریا تھا کہ اچانک درخت کی شاخوں سے ٹکرانے سے نیچے گر کر شدید زخمی ہو گیا۔

حسن بلوچ کو فوری طور پر سروس ہسپتال پہنچا دیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے گزشتہ روز جاں بحق ہو گیا۔49 سالہ حسن بلوچ سوتر منڈی اندرون لوہاری گیٹ کا رہائشی تھا جس کی تدفین کردی گئی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے کامونکی جاتے ہوئے راستے میں عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آکرنجی ٹی وی کی خاتون رپورٹر صدف نعیم جاں بحق ہوگئی تھیں۔