لاہور: وزیرآباد میں لانگ مارچ اور عمران خان پر حملے کی ایف آئی آر درج کرانے کے معاملے پر پی ٹی آئی اور وزیراعلیٰ پنجاب میں اتفاق نہ ہوسکا جس کے باعث مقدمہ درج نہیں ہوا۔نجی ٹی وی کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق عمران خان پر حملے کے واقعہ کی ایف آئی آر تاحال درج نہ ہو سکی، ایف آئی آر کے اندراج کے معاملے پر وزیراعلیٰ پرویز الہی اور پی ٹی آئی قیادت میں اتفاق نہ ہوسکا۔
چوہدری پرویز الہی نے ایف آئی آر میں نامزد کردہ تین ملزمان کے حوالے سے عمران خان سے چوبیس گھنٹے میں دو ملاقاتوں کے باوجود معاملہ طے نہ ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب واقعے کی قانون کے مطابق ایف آئی آر درج کروانا چاہتے ہیں جبکہ پی ٹی آئی قیادت اعلان کے مطابق تین اہم شخصیات کے خلاف ایف آئی آر درج کرانا چاہتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے عمران خان سے دو ملاقاتوں کے بعد صوبائی وزراء کے ساتھ مشاورت کی تاہم مقدمہ اندراج کے حوالے سے کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی۔