ٹوبہ ٹیک سنگھ /لاہور:کراچی سے ننکانہ جانے والی سکھ یاتریوں کی سپیشل ٹرین کی9بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی ہدایت پر تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ سپیشل ٹرین کراچی سے ننکانہ کی جانب سفر کررہی تھی کہ شور کوٹ اور پیر محل اسٹیشن کے درمیان ٹرین کی9بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں حادثے کی جگہ روانہ کر دی گئیں۔بیشتر مسافروں کو ٹرین کے پہلے حصے میں ایڈجسٹ کر کے ننکانہ کے لیے روانہ کر دیا گیا جبکہ باقی مسافروں کی روانگی کے لئے فوری انتظامات کئے گئے۔
ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ لاہور اپنی ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے او رامدادی سر گرمیوں کی نگرانی کی۔وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے سکھ یاتریوں کی سپیشل ٹرین کی ڈی ریلمنٹ کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔
سی او پی ایس سیفٹی، سی ای این اوپن لائنز اور سی ایم ای کیرج کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔کمیٹی تین روز میں ڈی ریلمنٹ کے متعلق ابتدائی رپورٹ پیش کرے گی۔