واشنگٹن:سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ملنے والے کئی تحائف غائب ہوگئے، کانگریس کی کمیٹی نے ٹرمپ کو ملنے والے تحائف کی تلاش شروع کر دی۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی فیملی کو غیر ملکی سربراہان نے کئی تحائف دئیے تھے، سعودی عرب کے شاہ سلمان نے ڈونلڈ ٹرمپ کو کنگ عبدالعزیز ایوارڈ سے نوازا جبکہ روسی صدر نے انہیں 2018ورلڈ کپ فٹبال کا تحفہ دیا۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے دور میں 50 ہزار ڈالر کے دیگر تحائف بھی ملے تھے، جاپانی وزیراعظم نے گالف کلب کا سامان دیا دیگر شخصیات نے بھی ٹرمپ کو تحائف دئیے تھے۔ملکہ الزبتھ دوئم کی دستخط شدہ نایاب تصویر، مہاتمہ گاندھی کا مجسمہ بھی تحائف میں شامل ہے۔
سعودی بادشاہ شاہ سلمان کی طرف سے دیا گیا شاہ عبدالعزیز السعود کا 6400 ڈالر کا کالر، ایل سلواڈور کے صدر کی طرف سے ٹرمپ کی بڑی پینٹنگ دی گئی۔
ٹرمپ کو دئیے گئے درجنوں تحائف کی مالیت ایک اندازے کے مطابق 50 ہزار ڈالر سے زیادہ ہے، تحائف کا معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ٹرمپ کو ایف بی آئی کی تحقیقات کا سامنا ہے۔