شکاگو: امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ ایلون مسک نے وہ کمپنی خریدی ہے جو دنیا بھر میں جھوٹ پھیلاتی ہے۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے ٹوئٹر پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایلون مسک نے وہ کمپنی خریدی ہے جو پوری دنیا میں جھوٹ پھیلاتی ہے۔ ان کا کوئی ایڈیٹر نہیں اس لیے سچی خبر کی کیسے توقع کی جائے۔
امریکی صدر نے کہا کہ جب کوئی ایڈیٹر ہی موجود نہیں تو ہم کیسے سمجھیں کہ انھیں اس بات کا علم ہے کہ کیا داؤ پر لگا ہوا ہے اور ایک غلط خبر کے کیا اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
صدر جوبائیڈن جو وسط مدتی الیکشن کی انتخابی مہم پر ہیں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور ٹوئٹر سے بڑی تعداد میں ملازمین کو نکالنے کی مذمت کی۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین پیئریرے نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ صدر جوبائیڈن سوشل میڈیا کی اہمیت سے واقف ہیں اور وہ ٹوئٹر اور فیس بک وغیرہ کے پھیلاؤ کے حامی بھی ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ معروف امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے 44 ارب ڈالر میں سب سے زیادہ شیئر خرید کر ٹوئٹر کے باس بن گئے ہیں۔