ابوظہبی: دبئی میں دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کے قریب 35 منزلہ عمارت کو خوفناک آتشزدگی کے باعث خالی کرالیا گیا۔
غیرملکی خبر رساں کے مطابق متحدہ عرب امارات کے بلند و بالا عمارتوں کے لیے مشہور شہر دبئی میں 35 منزلہ رہائشی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کی چار منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے دو گھنٹے کی مشقت کے بعد خوفناک آگ پر قابو پالیا۔ آگ لگتے ہی عمارت کو خالی کرالیا گیا تھا۔ آتشزدگی میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی تاحال کوئی اطلاع نہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق دبئی پولیس، عمارت بنانے والے ایمار ڈیولپرز اور سول ڈیفنس نے 8 بلیوارڈ واک نامی ٹاورز میں آگ لگنے سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب نہیں دیا تاہم سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے نمائندے جب جائے وقوعہ پر پہنچے تو آگ پر قابو پالیا گیا تھا۔حالیہ برسوں میں فلک بوس عمارتوں سے جڑی دبئی کی اونچی عمارتوں میں لگنے والی آگ نے ملک میں استعمال ہونے والی کلیڈنگ اور دیگر مواد کے کار آمد ہونے کے بارے میں سوالات اٹھادیئے ہیں۔