بالی وڈ اداکارہ دیشا پٹانی نے انکشاف کیا ہے کہ سلمان خان کی فلم 'بھارت' کی شوٹنگ کے دوران سر پر لگنے والی گہری چوٹ نے انہیں یادداشت سے محروم کردیا تھا۔
ماضی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں دیشا نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات شیئر کیں۔
انہوں نے بتایا کہ 'سلمان کی فلم بھارت کی عکسبندی کے دوران کچھ اسٹنٹس کررہی تھی کہ اونچائی سے سر کے بل جاگری، اس حادثے کے نتیجے میں سر پر گہرا زخم آیا اور میری یادداشت چلی گئی'۔
دیشا نے بتایا کہ 'میری یادداشت واپس آنے میں 6 ماہ کا وقت لگا، میری زندگی کے 6 مہینے ضائع ہوگئے، مجھے کچھ یاد نہیں کہ اس دوران کیا ہوا'۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب میری یادداشت واپس آئی تب میں نے بھارت کی شوٹنگ مکمل کی۔
واضح رہے کہ دیشا پٹانی نے سلمان خان اور کترینہ کیف کی فلم بھارت میں کچھ سین کیے تھے۔
بالی وڈ اداکارہ حال ہی میں ایک ویلن ریٹرنز میں نظر آئیں اور اب وہ جلد اپنی آنے والی فلم ’یودھا ‘میں اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی۔