نیویارک:بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کا کہنا ہے کہ دنیا مہنگائی اور کساد بازاری سے تو بچ سکتی ہے لیکن موسمیاتی بحران سے نہیں۔
آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے مصر میں جاری COP27 کانفرنس میں گفتگو میں کہا کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے لوگوں کو آگاہی فراہم کرنے کیلئے مہم چلانے کی ضرورت ہے کیونکہ اگر لوگ اس بات کا خیال نہیں رکھیں گے کہ موسمیاتی تبدیلی انسانیت کے وجود کیلئے خطرہ ہے تو وہ اس کی بہتری کیلئے سست روی کا مظاہرہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کساد بازاری اور مہنگائی سے بچنا مشکل ہے لیکن بچا جاسکتا ہے مگر بحیثیت انسان ہم جس چیز سے نہیں بچ سکتے وہ ایک غیر محدود موسمیاتی بحران ہے۔
واضح رہے COP27 کانفرنس مصر کے شہر شرم الشیخ میں جاری ہے جس میں دنیا بھر سے ماہرین سمیت مختلف ممالک کے سربراہان نے شرکت کی ہے اور موسمیاتی بحران سے نمٹنے کیلئے بحث زیر غور لائی جارہی ہے۔