کراچی: پاکستان کی بلاک بسٹر فلم دی لیجنڈ آف دی مولا جٹ کے لکھاری ناصر ادیب کا کہنا ہے کہ انہیں مولا جٹ کے بعد بھارت سے فلمیں آفر ہوئیں ہیں۔
ناصر ادیب ایک مقبول پاکستانی فلمی مصنف ہیں جنہوں نے کئی ہٹ فلمیں لکھیں جن میں بلاک بسٹر پنجابی فلم مولا جٹ بھی شامل ہے یہ فلم بھارت میں بھی ہٹ ہوئی جس میں سلطان راہی اور مصطفی قریشی نے مرکزی کردار ادا کئے۔
اس وقت حال ہی میں ریلیز ہونے والی دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے باکس آفس کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں جسے ناصر ادیب نے بھی لکھا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف رائٹر ناصر ادیب نے بتایا کہ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد مجھے بالی ووڈ سے آفر ہوئی، انہوں نے مجھے بھارتی مقبول دلم جٹ جونا 2 کا اسکرپٹ دیا ہے میں نے دی ریٹرن آف جٹ جونا لکھا اور اس فلم کی ریلیز کے بعد مجھے دو اور فلمیں آفر ہوئی ہیں ایک دو دن میں فائنل ہو جائے گا اور میں اسکرپٹ رائٹنگ کے لیے کینیڈا جاؤں گا‘۔
یاد رہے کہ بلال لاشاری کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’دی لیجنڈ آف دی مولا جٹ‘ نے قومی اور بین الااقوامی سطح پر 177 کروڑ کا ریکارڈ بزنس کر لیا ہے فلم میں فواد خان اور حمزہ علی عباسی نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔