تلنگانہ: بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ مجھے صبح شام 2 سے 3 کلو گالیاں پڑتی ہیں لیکن مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
ریاست تلنگانہ میں ایک تقریب سے خطاب میں نریندر مودی نے کہا کہ لوگ مجھے گالیاں دیتے ہیں لیکن میں ان گالیوں کو اپنی غذا کے طور پر لیتا ہوں۔بھارتی وزیر اعظم نے کہاکہ کچھ لوگ مایوسی، خوف اور توہم پرستی کے باعث مجھے گالیاں دیتے ہیں۔
انہوں نے مجھے گالیاں دینے کے لیے تمام لغات پڑھ لیں۔انہوں نے شرکا سے کہا کہ ان باتوں سے آپ پریشان مت ہونا، ان کے پاس مجھے گالیاں دینے کے لیے کچھ نہیں بچا، میں پچھلے 20 سالوں میں کئی اقسام کی گالیاں کھا چکا ہوں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ آپ لوگ مجھے ملنے والی گالیاں سے لطف اندوز ہوں، شام کو بیٹھ کر اس پر ہنسی مذاق کریں اور چائے کی چسکیاں لیں۔
بھارتی وزیر اعظم کی جانب سے اس قسم کی گفتگو پر شرکاء نے خوب قہقہے لگائے۔ ان کے خطاب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔