مصر،مسافربس نہرمیں گرنے سے 21افراد ہلاک

(ویب ڈیسک)مصرمیں ایک مسافر بس سڑک کنارے واقع نہرمیں گرجانے سے 21 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ حادثہ مصر کے دارالحکومت قاہرہ سے قریبا 100 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع گورنری الدقہلیہ میں قصبے آجا کے نزدیک پیش آیا ۔بس میں 35افراد سوارتھے اوروہ بے قابو ہوکرہائی وے سے منصوریہ نہر میں جا گری۔

 

مصر کی وزارتِ صحت کے ایک عہدہ دار ڈاکٹر شریف مکین نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔زخمی مسافروں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ حادثہ بس کے سٹیئرنگ وہیل میں خرابی کی وجہ سے پیش آیا ۔