استنبول : ترک صدر رجب طیب اردوان نے استنبول دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھناؤنے حملے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
اپنے ایک جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہوں، حکومت ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ دہشت گردی کا شاخسانہ ہے، ترکیہ کو دہشت گردی سے نا ماضی میں کنٹرول کیا جا سکا ہے نہ ہی آئندہ ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ترکیہ پر دہشت گردی کی کوشش ماضی کی طرح آئندہ بھی ناکام ہوگی، دھماکے میں6افراد جاں بحق اور 53زخمی ہوئے ہیں۔
علاوہ ازیں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ایک تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ ترکیہ کی استقلال اسٹریٹ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں، استنبول میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ واقعے میں ہلاک ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلیے دعا گو ہیں، پاکستان ترکیہ کے عوام اور حکومت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کے علاوہ انقرہ میں پاکستانی سفارتخانہ کے عہدیداران نے ترکیہ کے شہر استنبول میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بے گناہ جانوں کے ضیاع پر اپنے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ ترکیہ کے شہر استنبول میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ترک میڈیا کے مطابق دھماکا استنبول کے تقسیم اسکوائر کی استقلال اسٹریٹ میں ہوا، دھماکا مبینہ طورپر خود کش تھا۔
دھماکے کی جگہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، دھماکے میں 6 افراد کے ہلاک ہونے اور 53 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔