حکومت پاکستان نے جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد سمیت دیگر افراد کی جانب سے شکایات موصول ہونے کے بعد آنے والی فلم ’جوائے لینڈ‘ پر پابندی عائد کردی۔
مرکزی فلم سینسر بورڈ نے ’جوائے لینڈ‘ کو جاری کیا گیا اجازت نامہ منسوخ کرتے ہوئے اسے معاشرتی اقدار کے خلاف قرار دیا اور بتایا کہ فلم کو پاکستان کے سینما میں ریلیز نہیں کیا جا سکتا۔
فلم کے ہدایت کار صائم صادق نے فلم سینسر بورڈ کی جانب سے اجازت نامہ منسوخ کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے فلم کی نمائش پر پابندی لگانے پر اظہار افسوس کیا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں مرکزی فلم سینسر بورڈ کے قدم کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان بھی کیا۔