ممبئی: بالی وڈ کی معروف اداکارہ ودیا بالن کی مزاحیہ ویڈیو سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی۔
ودیا بالن نے انسٹا گرام پر اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ گوگل کے وائس سرچ فیچر کا استعمال کر رہی ہیں۔
وہ گوگل سے کہتی ہیں: ’مجھے، ابھی زندہ ہوں تو جی لینے دو بھری برسات میں پی لینے دو مجھے ٹکڑوں میں نہیں جینا ہے قطرہ قطرہ تو نہیں پینا ہے، یہ والا گانا سناؤ۔‘
ودیا بالن کے اس سوال پر گوگل کی جانب سے جواب آتا ہے: ’گانے کے باقی دو بول بچے ہیں وہ بھی تو گا لے۔‘
ان کی اس ویڈیو پر نہ صرف مداحوں نے بلکہ بالی وڈ کی کچھ شخصیات نے بھی ردعمل دیا۔
اس سے قبل ودیا بالن نے ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں وہ پوچھتی ہیں: ’آپ کے پاس تمیز کا نمبر ہے کیا؟‘ سامنے سے جواب ملتا ہے کہ ’تمیز کا نمبر۔۔ نہیں تو۔‘
ودیا بالن اس پر معصومیت سے کہتی ہیں: ’سب کہتے ہیں تمیز سے بات کرو۔‘
ودیا بالن کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ وہ بالی وڈ کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔
انہوں نے 2011 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ڈرٹی پکچر‘ میں ’ریشما‘ نامی لڑکی کا کردار ادا کیا۔ فلم میں بہترین اداکاری کے لیے انہیں ’فلم فیئر ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔