بھارتی اداکارہ ثنا شیخ کا مرگی کے مرض میں مبتلا ہونے کا انکشاف

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ فاطمہ ثنا شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’دنگل‘ کی شوٹنگ کے دوران ان پر مرگی کا پہلا دورہ پڑا تھا۔

اداکارہ نے اپنے مداحوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر بات کرتے ہوئے اپنی زندگی سے جڑی کئی چیزوں کے بارے میں بات کی۔

انہوں نے مرگی کے ساتھ جدوجہد کی کہانی سنائی اور مداحوں نے ان سے اس بیماری سے متعلق بہت سے سوالات کیے جن کا ثنا فاطمہ نے جواب دیا۔

ثنا فاطمہ نے بتایا کہ اس بیماری سے مجھے مزید کام کرنے کا عزم ملا کیونکہ اس سے مجھے آگے بڑھنے کا حوصلہ ملتا ہے۔ اس نے میرے کام کے شوق کو متاثر نہیں کیا ۔

انہوں نے بتایا کہ فلم ’دنگل‘ کی شوٹنگ کے دوران مجھے پہلی بار اس بیماری کی تشخیص ہوئی تھی۔ میں سیٹ پر بے ہوش ہو گئی اور جب میں بیدار ہوئی تو اسپتال میں تھی۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ میرے لیے یہ ماننا مشکل تھا کہ میں مرگی جیسی بیماری میں مبتلا ہوں لیکن آہستہ آہستہ میں نے اس کے ساتھ رہنا سیکھ لیا ہے، اب میں ورزش اور ادویات کی مدد سے اس مرض کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہی ہوں۔