بھارت: لڑکی کا لرزہ خیز قتل، گرفتار ملزم کے تہلکہ خیز انکشافات

نئی دہلی: بھارت میں لڑکی کو قتل کرکے لاش کے 35 ٹکڑے کرکے فریج رکھنے والے گرفتار ملزم نے دوران تفتیش جرم کا اعتراف  کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجدھانی دہلی میں پیش آنے والی قتل کی لرزہ خیز واردات نے لوگوں کو خوف میں مبتلا کردیا ہے اور گرفتار ملزم نے دوران تفتیش مزید انکشافات کیے ہیں۔

ملزم آفتاب امین پونا والا نے پولیس کو بتایا کہ ’شردھا والکر کا قتل کرنے کے بعد ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے ایک اور لڑکی سے دوستی کی اور اسے اپنے گھر لے کر آیا، اس دوران لاش کے ٹکڑے الماری میں چھپا دیے تھے۔

پولیس کا بتانا ہے کہ شردھا کو قتل کرنے کے بعد ملزم نے نیا فریج خریدا اور لاش کے ٹکڑے 18 دنوں تک گھر میں رکھے، ملزم آدھی رات کو لاش کے ٹکڑوں کو پلاسٹک کے تھیلے میں ڈال کر پھینک دیتا تھا۔‘

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ’ملزم نے پانچ ماہ قبل لڑکی کو قتل کیا اس کی لاش کو کئی ٹکڑوں میں کاٹ کر دہلی کے مخٹلف علاقوں میں پھینک دیا۔

پولیس نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ’جنگل سے لاش کے کچھ ٹکڑے برآمد کیے ہیں لیکن یہ واضح نہیں ہوسکا یہ انسانی لاش کے اعضا ہیں اب تک لاش کے تقریباً 15 ٹکڑے برآمد ہوئے ہیں۔

ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ ’مقتولہ کا موبائل فون مہاراشٹر میں پھینکا تھا جس کی آخری لوکیشن ٹریس کی جارہی ہے اور آلہ قتل دہلی کے کسی علاقے میں پھینکا گیا تھا جس کی تلاش بھی جاری ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شردھا کے قتل کے بعد آفتاب اس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے مقتولہ کے دوستوں سے بات کرتا تھا۔ جون تک اس نے شردھا کے انسٹاگرام کا استعمال یہ ظاہر کرنے کے لیے کیا کہ شردھا زندہ ہے، پولیس اس زاویے پر آفتاب سے مزید پوچھ گچھ کرے گی۔

واضح رہے کہ 26 سالہ شردھا والکر ممبئی میں ایک ملٹی نیشنل کمپنی کے کال سینٹر میں کام کرتی تھی جہاں اس کی 28 سالہ آفتاب امین پونا والا سے دوستی ہوئی پھر دونوں ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آفتاب امین کو جب گرفتار کیا گیا تو اس نے جرم کا اعتراف کر لیا، ملزم نے تفتیش میں بتایا کہ دونوں کا اکثر جھگڑا ہوتا تھا کیونکہ شردھا والکر شادی کا مطالبہ کرتی تھی۔

پولیس نے ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔