لاہور: ٹوئٹر‘ فیس بک کے بعد ایمازون نے بھی اپنے ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے‘ ایمازون اس ہفتے سے کارپوریٹ اور ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹس میں سے 10ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
یہ کٹوتیاں کمپنی کی تاریخ میں سب سے بڑی ہوں گی اور بنیادی طور پر ایمازون کی ڈیوائسز آرگنائزیشن‘ ریٹیل ڈویژن اور انسانی وسائل کو متاثر کرے گی۔
اطلاع دی گئی برطرفی ایمازون کی عالمی افرادی قوت کے 1فیصد سے بھی کم اور اس کے کارپوریٹ ملازمین کے 3فیصد کی نمائندگی کرے گی۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں ایمزون ملازمین کی تعداد 15لاکھ سے زیادہ ہے‘ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں کرسمس کی تیاریاں عروج پر ہیں اور کرسمس سے پہلے کا وقت ایمازون کیلئے انتہائی منافع بخش ہوتا ہے۔
ایمازون کمپنی کی جانب سے ملازمین کو نکالے جانے کے بارے میں ابھی تک کوئی تصدیقی بات سامنے نہیں آئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کرسمس سے پہلے اتنے بڑے پیمانے پر نوکریوں کے خاتمے سے ظاہر ہوتا ہے عالمی معیشت کی سست رفتاری کی وجہ سے کامیاب کاروباری ادارے بھی دباؤ کا شکار ہیں۔