امریکی اداکارہ ڈینس رچرڈز پر قاتلانہ حملہ

لاس اینجلس: امریکی اداکارہ ڈینس رچرڈز اور ان کے شوہر کی گاڑی پر نامعلوم شخص نے فائرنگ کردی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا کے شہر لاس اینجلس میں اداکارہ ڈینس رچرڈز اور ان کے شوہر کی گاڑی پر فائرنگ کر کے اداکارہ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ہے۔

ڈینس رچرڈز اور ان کے شوہر کی گاڑی پر فائرنگ اسٹوڈیو کے باہر پارکنگ ایریا میں کی گئی تاہم اداکارہ اور ان کے شہور اس حملے سے بال بال بچ گئے۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈینس رچرڈز کے شوہر گاڑی چلا رہے تھے جیسے ہی اسٹوڈیو کی کار پارکنگ میں پہنچے تو گاڑی پارک کرنے کیلئے جگہ تلاش کرنے کے دوران اچانک ان کی گاڑی کے پیچھے موجود دوسری گاڑی میں سوار شخص نے غصے میں چیخنا شروع کر دیا۔

مذکورہ نامعلوم شخص  نے اپنی گاڑی اداکارہ کی گاڑی کے آگے لانے کی کوشش کی اداکارہ کے شوہر نے ملزم کو جگہ دی تاہم پھر بھی اس نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر ڈالی۔

غیرملکی میڈیا میں بتایا گیا ہے کہ فائرنگ سے ڈینس رچرڈز گھبرا گئیں اور اسٹوڈیو میں داخل ہوئیں جس کے بعد کریو ممبر نے گاڑی پر گولی کا نشانات دیکھ کر فوری  پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔

خیال رہے کہ لاس اینجلس کی پولیس نے رپورٹ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔