یوکرین کے قریب پولینڈ کے سرحدی علاقے پر میزائل گرنے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولینڈ پر ایک میزائل حملہ ہوا، جس میں 2 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ حملے کے بعد پولینڈ سمیت یورپ بھر میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
پولینڈ کی حکومت نے حملے کا الزام روس پر لگایا ہے تاہم روسی وزارت دفاع نے اس بات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ روس کی جانب سے پولینڈ میں کوئی میزائل نہیں داغے گئے۔
بین الاقوامی میڈیا میں یہ خبریں بھی ہیں کہ یہ میزائل یوکرین کی طرف سے فائر کیا گیا تھا۔
دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے انڈونیشیا کے شہر بالی میں جی 20 اجلاس کے موقعے پر اتحادیوں کی ایک ایمرجنسی میٹنگ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کا ‘امکان کم’ ہے کہ میزائل روس کی جانب سے فائر کیا گیا ہو۔
انہوں نے کہا کہ نئے واقعے سے تشویش میں مزید اضافہ ہوگیا ہے البتہ دھماکے سے متعلق پولینڈ کی تحقیقات کی حمایت کرنے پر اتفاق کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ پولینڈ میں حملے کے بعد نیٹو، امریکا، یورپی یونین اور برطانیہ کا کہنا ہے کہ وہ اس حملے کے حوالے سے اطلاعات کا جائزہ لے رہے ہیں۔