پشاور میں 2افراد کا قتل، 3پر شدید تشدد

پشاور: پشاور کے نواحی علاقہ بڈھ بیر میں راضی نامہ کیلئے جانے والے دو افراد کوفائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، جن کی نعشیں کھیتوں میں پھینکی گئیں جبکہ تین افراد کو تشدد کا نشانہ بھی بنایاگیا۔

واقعہ سلیمان خیل کے علاقہ گلوبہارہ میں پیش آیا،بڈھ بیر پولیس کے مطابق مدعی جہانگیرولد محبوب سکنہ بڈھ بیر نے بتایا کہ ان کا فریقین کے ساتھ قتل مقاتلے کی دشمنی چلی آرہی ہے۔

 گزشتہ روز جہانگیر،اعتبارخان، خان محمد، انصار اور عمران راضی نامہ کیلئے فریقین گوہرعلی وغیرہ کے پاس گئے تھے جہاں ملزمان نے ان سے جھگڑا کیا اور انہیں مارا پیٹا جبکہ بعد میں فائرنگ کردی جس سے دو افراد انصار ولد زین العابدین سکنہ سربند اور عمران ولد نامعلوم موقع پر جاں بحق ہوگئے تاہم دیگر تین افراد کومارپیٹ کے بعد چھوڑدیاگیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ جاں بحق دونوں افرادکو جرگہ کیلئے لیجایاگیا تھا جن کے بارے میں فریقین کو بتایا گیا کہ یہ دونوں اجرتی ہیں جس پر فریقین نے دونوں کی جان لے لی۔ 

مدعی نے مقدمہ میں گوہرعلی، حبیب الرحمان پسران سیف الرحمن ساکن بابوخیل، جلال، سبحان اور حضرت علی کو نامزد کردیا جن کا فریق عزت ولد عجب خان ساکن بن خازی کیساتھ دشمنی چل رہی ہے اورتقریبا ًایک ماہ قبل ملزم گوہر علی کے بھائی شمس الرحمان کو قتل کیاگیا تھا۔

گوہرفریق کو شک تھا کہ مقتولین انصار اور عمران اجرتی قاتل ہیں اور انہیں مارنے کیلئے بھیجا گیا ہے۔

 ایدھی فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے پولیس کی نگرانی میں مقتولین کی نعشیں پوسٹمارٹم رپورٹ کیلئے مردہ خانہ منتقل کی جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھی کرنے کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاجو فرارہوچکے ہیں۔