کراچی: اداکارہ وینا ملک کے سابق شوہر اسد بشیر خٹک نے مولانا طارق جمیل سے درخواست کی ہے کہ وہ ان دونوں کے تنازعات حل کروانے میں کردار ادا کریں۔ وینا ملک اور اسد خٹک گزشتہ پانچ سال سے بچوں کی حوالگی اور جہیز کی ملکیت سمیت ایک دوسرے کو بدنام کرنے کی قانونی جنگ میں مصروف ہیں اور دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف کراچی کی مختلف عدالتوں میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔
دونوں کے درمیان 2017 میں طلاق ہوئی جس کے بعد دونوں کے درمیان بچوں کی حوالگی کی قانونی جنگ شروع ہوگئی۔ چار سال بعد 16 نومبر کو اسد خٹک نے سندھ ہائی کورٹ میں بچوں سے ملاقات کی، جس پر وہ جذباتی بھی ہوگئے۔ بچوں سے ملاقات کے بعد اسد خٹک نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے تقریبا 4 سال بعد بچوں سے پہلی ملاقات کی اور وہ بیٹی کو گود میں لینے کی خوشی بیان نہیں کر سکتے۔
انہوں نے بتایا کہ ان سے بچوں کی ملاقات نہیں کروائی جا رہی تھی، جس وجہ سے انہوں نے عدالت سے رجوع کیا۔ اسد خٹک نے انکشاف کیا کہ وہ گزشتہ تین سال سے مولانا طارق جمیل سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ وہ ان کے بچوں کی حوالگی سے متعلق کوئی کردار ادا کریں مگر ان کا مولانا صاحب سے رابطہ نہیں ہو پا رہا۔
انہوں نے میڈیا کے توسط سے مولانا طارق جمیل کو درخواست کی کہ وہ ان کے اور وینا ملک کے درمیان تنازعات کو حل کرنے میں کردار ادا کریں۔
وینا ملک نے اسد خٹک سے 2014 میں دبئی میں شادی کی تھی اور پھر وہ چند سال تک وہیں مقیم تھیں، دونوں کے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں جو اس وقت وینا ملک کے ساتھ پاکستان میں رہتے ہیں۔