بھارتی وزیرکی جیل میں مساج کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

 

نئی دہلی: بھارتی جیل میں قید ایک وزیر کی مساج کرانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عام آدمی پارٹی(عاپ) سے تعلق رکھنے والے وزیر ستیندر جین دلی کی تہاڑ جیل میں قید ہیں۔ ستیندر جین کو منی لانڈرنگ کے الزام میں 30 مئی کو گرفتار کیا گیا تھا۔

ستیندر جین کی جیل کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی جس میں انہیں چارپائی پرلیٹے اور ایک شخص کو ان کا مساج کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔بھارتی وزیر کی جیل میں مساج کرانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سیاسی محاذ آرائی کا مرکز بن گئی۔ حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی نے عاپ پارٹی اور وزیر کو جیل میں سہولیات لینے پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

 

دوسری جانب عاپ پارٹی کے ترجمان نے وزیرکا دفاع کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ ستیندر جین بیمار ہیں اور مساج ان کے علاج کا حصہ ہے۔ بی جے پی معاملہ کو بلاوجہ اچھال رہی ہے۔