شان نے گجنی میں کام کرنے سے کیوں انکار کیا؟

اداکار شان کوعامر خان کی فلم گجنی میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی لیکن انہوں نے معذرت کرلی تھی۔

کئی پاکستانی اداکاروں کی طرح شان کو بھی بالی ووڈ سے کام کی پیشکش ہوئی تھی اور وہ بھی عامر خان کی فلم گجنی کے لیے، لیکن انہوں نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

شان نے گجنی میں کام کرنے سے انکار کیوں تھا اس کا جواب انہوں نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں دے دیا ہے۔

اداکار کا کہنا ہے کہ گجنی میں کام نہ کرنے کی ایک وجہ تو یہ تھی کہ بالی ووڈ میں فنکاروں کی کمی نہیں جو بہت اچھا کام کررہے ہیں، اس لئے انہیں ہی موقع ملنا چاہیے۔

شان نے دوسری وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلے ہی بہت لڑائیاں اور اختلافات ہیں، بھارتی فلم نگری کو ہیرو صرف وہاں سے اور ولن پاکستان سے ہی نظر آتے ہیں، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

ضرار میں اپنی فٹنس کا راز بتاتے ہوئے شان نے کہا کہ کسی کردار کو ادا کرنے کے لئے اسی مناسبت حلیہ اور چال ڈھال اپنانی پڑتی ہے۔ ضرار کی کہانی لکھتے ہوئے ان کا وزن خاصا بڑھ گیا تھا۔ جس کے بعد انہوں نے 3 مہینے بہت محنت کی، اپنی غذا کو کنٹرول کیا اور بہت ورزش کی۔

شان کا کہنا تھا کہ جس طرح ٹیسٹ اور ون ڈے کے کھلاڑی کو ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلتے ہوئے کچھ مشکلات ہوتی ہیں۔ انہیں اس سے مطابقت کے لیے کچھ وقت درکار ہوتا ہے، ہمارے بہت سے لوگ ٹی وی سے فلموں میں آئے ہیں لیکن وہ اسی میڈیم کی طرح اداکاری کرتے ہیں، میری خواہش ہے کہ وہ فلموں میں اسی کی طرح کام کریں۔