واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن اور خاتون اوّل جَل بائیڈن کی پوتی نیاؤمی کی شادی وائٹ ہاؤس کے لان میں منعقد ہوئی جس میں اہل خانہ سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق 28 سالہ نیاؤمی بائیڈن اپنے دوست 25 سالہ پیٹر نیل کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں۔ دونوں ایک دوسرے کو 4 سال سے جانتے تھے۔
شادی کی پُروقار تقریب وائٹ ہاؤس کے ایک لان میں رکھی گئی جس کے لیے لان اور عمارت کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ تقریب میں ملک کی اہم شخصیات، اہل خانہ اور دوست احباب سمیت 250 افراد نے شرکت کی۔
خیال رہے کہ دس سال بعد وائٹ ہاؤس میں کسی شادی کا انعقاد ہوا ہے۔
صدر جوبائیڈن کی پوتی بھی ایک وکیل ہیں جب کہ اُن کے شریک حیات نے بھی حال ہی میں وکالت کی تعلیم مکمل کی ہے۔ دونوں پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں اور یہی ان کی قربت کی وجہ بھی ہے۔
وائٹ ہاؤس انتظامیہ نے بیان میں کہا ہے کہ شادی کے تمام اخراجات بائیڈن خاندان ادا کرے گا۔