ایران: دو معروف ایرانی اداکاراؤں کا احتجاجی تحریک سے اظہارِ یکجہتی کرنا مہنگا پڑ گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہینگامہ قاضیانی اور كتايون رياحی نامی اداکاراؤں کو عوامی مقامات پر اسکارف اتارنے اور اشتعال انگیز سوشل میڈیا پوسٹ کرنے کے الزامات میں گرفتار کر لیا گیا۔
52 سالہ فلم اسٹار نے پہلے ہی عدلیہ کی طرف سے طلب کرنے کا عندیہ دیا تھا اور پھر انسٹاگرام پر ایک ویڈیو بھی اپ لوڈ کی جس میں انہیں بازار میں حجاب ہٹاتے اور بال کھول کر باندھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو کے کیپشن میں اداکارہ نے لکھا کہ’ شاید یہ میرا آخری پوسٹ ہے، اس لمحے سے میرے ساتھ جو بھی ہو، جان لیں کہ ہمیشہ کی طرح میں اپنی آخری سانس تک ایرانی عوام کے ساتھ ہوں‘۔
اس سے قبل اداکارہ نے ایک پوسٹ میں ’بچوں کے قاتل‘ لکھ کر ایرانی حکومت پر 50 سے زیادہ بچوں کو قتل کرنے کا الزام لگایا تھا۔
یا درہے کہ تہران میں مورالٹی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے والی کرد نژاد 22 سالہ خاتون مہسا امینی کی حراست میں موت کے بعد دو ماہ سے زائد خواتین کی قیادت میں ہونے والے مظاہروں سے ایران کی علما ءکی قیادت شدید دباؤ میں ہے۔