میکسیکو سٹی:میکسیکو میں اکتوبر کے اواخر سے اب تک انسانی باقیات سے بھرے 53 تھیلے برآمد ہوئے ہیں ماہرین ان کی شناخت کی کوشش کر رہے ہیں۔حالیہ مہینوں میں صنعتی شہر گواناجواتو میں گروہی تصادم میں تقریبا 300 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
جرمن میڈیا کے مطابق خوشحالی، کلچر اور گروہی تصادم کے لیے مشہور گواناجواتو صوبے میں جس جگہ ایک بین الاقوامی آرٹس فیسٹیول جاری ہے اس سے کچھ ہی دور پر بابیانا مینڈوزا ایک قبر سے باقیات کی کھدائی کی جگہ پر موجود ہیں۔
32 سالہ مینڈوزا اپنے لاپتہ بھائی کی تلاش میں ہیں۔ انہیں پتہ چلا تھا کہ گواناجواتو کے ایراپواٹو میں کچھ لوگوں نے ایک کتے کو ایک انسانی ہاتھ اپنے منہ میں دبائے ہوئے دیکھا تھا۔مینڈوزا لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے قائم ایک تنظیم کی بانی رکن ہیں۔
وہ کہتی ہیں،"اس وقت دنیا بھر سے لوگ کیراوانٹیو فیسٹیول منانے کے لیے یہاں آئے ہیں لیکن ہم لاشوں کی تلاش کے لیے کھدائی کر رہے ہیں، تاہم مجھے لگتا ہے کہ یہ شاید بے سود ہے کیونکہ کچھ لوگ کہیں دوسری جگہ مزید لاشوں کو زمین میں دبا رہے ہوں گے۔
"مینڈوزا بتاتی ہیں کہ فورینزک ماہرین کے ایک گروپ نے اکتوبر کے اواخر سے اب تک انسانی باقیات سے بھرے 53 تھیلے برآمد کیے ہیں اور ان کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ٹوئیوٹا، ہونڈا اور جنرل موٹرز جیسی غیرملکی آٹو موبائل کمپنیوں کی فیکٹریوں کا مرکز سمجھے جانے والے گوانا جواتو میں حالیہ مہینوں میں اسی طرح کے حالات میں گروہی تشدد کے شکار تقریبا300 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ریاستی دارالحکومت گواناجواتو سے ایک گھنٹے کے فاصلے پر واقع ایراپواتو سب سے زیادہ غیر محفوظ علاقوں میں دوسرے نمبر پر ہے۔
گواناجواتو میکسیکو کا سب سے پرتشدد صوبہ ہے جہاں ایک دوسرے پر غلبہ حاصل کرنے کے لیے مختلف گروہ ایک دوسرے سے برسرپیکار رہتے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں برس جنوری سے ستمبر کے دوران یہاں 2400 سے زائد قتل کے واقعات پیش آئے، جو قومی تعداد کا تقریبا 10 فیصد ہے۔