واشنگٹن: امریکہ کے معروف گلوکار جیک وائٹ نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی بحالی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
جیک وائٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی بحالی کے بعد احتجاجاً اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ ڈیلیٹ کردیا ہے۔
گلوکار نے انسٹاگرام پر ایلون مسک کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی بحالی کے بعد ایک تفصیلی نوٹ شیئر کیا ہے۔
انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی بحالی کے فیصلے کو ’ناگوار‘ اور ’قابلِ مذمت‘ اقدام قرار دیا اور ایلون مسک سے درخواست کی کہ وہ ’سچائی‘ کا ساتھ دیں۔
جیک وائٹ نے ایلون مسک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ’ایلون مسک اور جو روگن جیسے لوگ جو جھوٹے لوگوں کو اپنا پلیٹ فارم فراہم کررہے ہیں، یہ پیسوں کی لالچ میں آجاتے ہیں اور پھر نفرت انگیز ی پھیلانے والی شخصیات کی حمایت کرتے ہیں‘۔
واضح رہے کہ 6 جنوری کو کیپیٹل ہل حملے کے تناظر میں 2021ء میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو بند کر دیا گیا تھا اور پابندی کے وقت ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر پر فالوورز کی تعداد 88.8 ملین تھی۔