کابل:طالبان نے ملک بھر کی مساجد میں نماز جمعہ کے دوران ایک ہی خطبہ دینے کا حکم دے دیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق طالبان کی وزارت حج اور اوقاف کی جانب سے ملک کی تمام مساجد کے مبلغین کو نماز جمعہ کے دوران ایک ہی خطبہ دینے اورطالبان کے سربراہ ملا ہیبت اللہ اخونزادہ کی فتح کے لیے لازمی دعا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
وزارت حج و اوقاف کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک کی مساجد کے آئمہ اور مبلغین کے لیے ایک متفقہ خطبہ کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں خطبہ کے ستون، روایات اور آداب کو دیکھا گیا ہے۔
متفقہ خطبے کی منظوری امارت اسلامیہ افغانستان کی اتھارٹی نے دی ہے،وزارت حج و اوقاف نے امیر کے لیے لازمی دعا کرنے سے متعلق موقف دیا کہ جمعہ کے خطبہ میں آداب اور مستحبات ہیں جن میں سے ایک امیر اور حاکم وقت کے لیے نیک دعا، اس کی ثابت قدمی اور اپنے دشمنوں پر فتح ہے۔